دینہ: جسم فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث خواتین سمیت 5 ملزمان گرفتار

44
دینہ میں پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے جسم فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث خواتین سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ میں ایس ایچ او تھانہ دینہ اور پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں جسم فروشی کے مکروہ دھندے میں ملوث 3 خواتین اور 2 مردوں کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ دینہ میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ جسم فروشی ایک گھناؤنا جرم ہے جو نوجوان نسل کو اخلاقی پستی کی طرف دھکیلتا ہے اور معاشرتی اقدار کو شدید نقصان پہنچاتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ڈی پی او جہلم نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور مشکوک سرگرمیوں کی بروقت اطلاع دیں۔



