جہلم: پنجاب حکومت نے باقاعدہ طور پر 30 لاکھ سے زیادہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی تاخیر سے بنی نمبر پلیٹس کی تیاری کی اجازت دے دی ہے۔
یہ معاملہ گزشتہ پانچ سے چھ سالوں سے التوا کا شکار تھا، جس کی وجہ سے شہری شدید مشکلات کا شکار تھے۔
محکمہ ایکسائز کے اہلکاروں کے مطابق نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (NRTC) کے ذریعے پچھلے دو سال میں 19 لاکھ سے زائد نمبر پلیٹس فراہم کی جا چکی ہیں۔ اب باقی ماندہ 11 لاکھ نمبر پلیٹس کی تیاری کا عمل شروع ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ ان نمبر پلیٹس میں سے تقریباً 9 لاکھ 50 ہزار موٹر سائیکلوں کے لیے اور 1 لاکھ 50 ہزار گاڑیوں کے لیے تیار کی جائیں گی۔ باقی پلیٹس بھی NRTC کی مدد سے گاڑیوں کے مالکان تک پہنچائی جائیں گی۔ حکام نے بتایا کہ پچھلے کئی برسوں میں شہریوں سے اربوں روپے وصول کیے گئے، مگر تکنیکی اور انتظامی مسائل کی وجہ سے بروقت نمبر پلیٹس تیار نہ کی جا سکیں۔
یاد رہے کہ پچھلے سال اپریل میں حکومت نے شہریوں کی بڑھتی ہوئی شکایات کے سبب عارضی طور پر نمبر پلیٹس کی فیس وصولی روک دی تھی۔ اس دوران شہریوں کو یہ اجازت دی گئی کہ وہ منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق اوپن مارکیٹ سے نمبر پلیٹس تیار کروا سکتے ہیں۔
نئے فیصلے کے تحت حکومت کی کوشش یہ ہے کہ تمام پینڈنگ نمبر پلیٹس کی تیاری مکمل کی جائے اور صوبے بھر میں ان کی بروقت تقسیم کو ممکن بنایا جائے۔
