نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی، سرکاری ریٹ لسٹیں مذاق بن گئیں، شہری پریشان

جہلم شہر اور گردونواح میں نان اور روٹی کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی، پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کردہ سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد خواب بن کر رہ گیا۔ نان بائیوں اور ہوٹل مالکان نے حکومتی احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے من مرضی کے نرخ مقرر کر رکھے ہیں، جس سے غریب عوام اور دیہاڑی دار طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے۔
شہریوں کے مطابق جہلم میں نان 25 روپے اور روٹی 20 روپے تک فروخت ہو رہی ہے، جو کہ پنجاب حکومت کے سرکاری نرخ نامے اور "قیمت پنجاب” ایپ پر درج قیمتوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی خاموشی نے صورتحال کو مزید سنگین کر دیا ہے۔
شہریوں محمد اسلم، اعظم علی، ملک رزاق، ملک اکرم، جمیل خان، بابا اصغر، حافظ توصیف، شہزاد انور و دیگر نے اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت واقعی غریب عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو عملی اقدامات کرے اور قیمتوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر قیمتوں میں استحکام نہ آیا تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔



