ضلعی کارکردگی میں نمایاں پیش رفت، جہلم 18ویں پوزیشن سے ترقی کرتے ہوئے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن پر آ گیا

جہلم: ضلعی کارکردگی کی درجہ بندی میں ضلع جہلم نے نمایاں بہتری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 18ویں پوزیشن سے ترقی کرکے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔
اس اہم کامیابی پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ضلعی انتظامیہ کے تمام افسران اور عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی مسلسل محنت، پیشہ ورانہ وابستگی، مؤثر فیلڈ نگرانی اور بہترین ٹیم ورک کو خصوصی طور پر سراہا۔

ضلعی سطح پر ریونیو معاملات کی بروقت تکمیل، پرائس کنٹرول، صفائی ستھرائی، بیوٹیفکیشن، صحت و تعلیم کے شعبوں میں بہتر سروس ڈیلیوری، ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور دیگر انتظامی اہداف پر مسلسل توجہ دی گئی، جس کے نتیجے میں ضلع کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری سامنے آئی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے مختلف شعبوں میں افسران اور فیلڈ عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مربوط حکمتِ عملی، مؤثر فیلڈ نگرانی اور باہمی رابطے نے ضلع جہلم کی مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں پوزیشن سے پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرنا پوری ضلعی انتظامیہ کی اجتماعی محنت اور ذمہ دارانہ فرائض کی انجام دہی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ اسی جذبے، محنت اور تسلسل کے ساتھ عوامی خدمت، مؤثر سروس ڈیلیوری اور انتظامی کارکردگی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔



