جہلم کے نوجوانوں میں کرکٹ کا بے پناہ ٹیلنٹ ہے، جلد لاہور قلندرز کو ٹرائل کیلئے لائیں گے، بلال اظہر کیانی

جہلم: برطانیہ سے پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی معروف کرکٹ ٹیم لیٹن لائنز کرکٹ کلب کے اعزاز میں جہلم کے مقامی ہال میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کرکٹ سے محبت رکھنے والے شہریوں، معززینِ شہر اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی بلال اظہر کیانی وزیرِ مملکت برائے ریلوے تھے، جنہوں نے لیٹن لائنز کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ "کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے اہم ہیں بلکہ مختلف قوموں اور ثقافتوں کو آپس میں جوڑنے کا بہترین ذریعہ بھی ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ جہلم کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور جلد ہی لاہور قلندرز کی ٹیم کو جہلم لایا جائے گا تاکہ مقامی نوجوانوں کو ٹرائل کا موقع فراہم کیا جا سکے۔

وزیرِ مملکت نے لیٹن لائنز ٹیم کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔

تقریب کے بعد ایک نمائشی کرکٹ میچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونائٹیڈ کرکٹ کلب جہلم اور لیٹن لائنز کرکٹ کلب کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا، جس سے شائقینِ کرکٹ خوب لطف اندوز ہوئے۔

لیٹن لائنز کرکٹ کلب اپنے پاکستان دورے کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، سیالکوٹ، چکوال اور منڈی بہاؤالدین میں مقامی ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گا۔ اس دورے کا مقصد پاکستان میں کھیل کے فروغ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی روابط کو مستحکم بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button