حکومت پنجاب بھرکے ایس ایس ای اساتذہ اوراے ای اوز کو فوری مستقل کرے، احسان الٰہی شاکر
جہلم میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ایس ایس ای اساتذہ اور اے ای اوز کے کنٹریکٹ میںمزید ایک سال کی توسیع کردی گئی۔
اس موقع پر پنجاب ایجوکیٹرزایسوسی ایشن جہلم کے صدر اورایس ایس ای اساتذہ کے ضلعی فوکل پرسن احسان الٰہی شاکر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جہلم میں ایس ایس ای اساتذہ اور اے ای اوز کے کنٹریکٹ میں توسیع ایک خوش آئند اقدام ہے ہم اس سلسلے میں سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی جہلم رانا جاوید اختر اور ان کی ساری ٹیم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔انھوں نے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے اس کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرایا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع سے ایس ایس ای اساتذہ اوراے ای اوز جو پہلے بھی لگن کے ساتھ خدمات انجام دے رہے تھے وہ مزید محنت اور شوق سے کام کریں گے۔لیکن ہماری پریشانی اور بے چینی اصل میں اس روز ختم ہوگی جب پنجاب بھرکے 14ہزار ایس ایس ای اساتذہ اور اے ای اوز کو مستقل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حکومت میں آنے سے قبل ہماری مرکزی کورکمیٹی سے وعدہ کیا تھا کہ ہم آپ کو اقتدار میں آتے ہی مستقل کردیں گے۔اب وہ اپنا یہ وعدہ پورا کریں اور فوری طور پر ہماری مستقلی کا اعلان کریں ۔
اس موقع پر ان کے ساتھ پنجاب ایجوکیٹرزایسوسی ایشن کے ذمہ داران انزک محمود،مبشر عباس شاہد، محمد رفیع، شاہد سکندر، اظہر سلطان، سعید اختراوروقار کاظمی بھی موجود تھے۔



