اسسٹنٹ کمشنر دینہ کا مختلف پٹرول پمپس پر اچانک چھاپہ، پیمانوں کی جانچ پڑتال کی

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے تحصیل دینہ میں قائم مختلف پٹرول پمپس کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کا بنیادی مقصد پٹرول اور ڈیزل کی پیمائش کے پیمانوں (اسکیلز) کی جانچ پڑتال کرنا تھا تاکہ صارفین کو پوری مقدار میں ایندھن کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے خود مختلف نوزلز سے پٹرول نکال کر پیمائش کے آلات کے ذریعے تفصیلی جانچ کی۔ معائنے کے دوران کسی بھی پٹرول پمپ پر پیمائش میں کمی یا کسی قسم کی خلاف ورزی سامنے نہیں آئی، جس پر انتظامیہ نے اطمینان کا اظہار کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر تیمور خان نے پٹرول پمپس پر صفائی کے انتظامات اور واش رومز کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا اور پمپ مالکان کو ہدایت کی کہ وہ پیمائش کے معیار، صفائی اور صارفین کی سہولیات کو ہر صورت برقرار رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ نرخوں پر پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی میں کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں ناپ تول کے پیمانوں کی باقاعدہ اور مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دھوکہ دہی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام تحصیلوں میں پٹرول پمپس کی اچانک چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔



