سوہاوہ میں والدہ اور بھابھی سے لڑائی جھگڑا کرنے اور حبس بے جا میں رکھنے والا ناخلف بیٹا گرفتار

سوہاوہ میں والدہ اور بھابھی سے لڑائی جھگڑا کرنے اور حبس بے جا میں رکھنے والے ناخلف بیٹے کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے والدہ اور بھابھی سے لڑائی جھگڑا کرنے اور انہیں حبس بے جا میں رکھنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
متاثرہ خاتون نے تھانہ ڈومیلی میں درخواست دی کہ اس کا بیٹا آئے روز اس سے پیسے طلب کرتا ہے اور انکار کرنے پر جھگڑا کرتا ہے۔ خاتون کے مطابق ملزم نے پیسے نہ ملنے پر لڑائی جھگڑا کیا اور انہیں کمرے میں بند کر دیا، تاہم اہلِ محلہ نے شور سن کر دروازہ کھول کر انہیں باہر نکالا۔
درخواست موصول ہونے پر ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف تھانہ ڈومیلی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔



