پنڈدادنخان میں کرایہ داری کا اندراج نہ کروانے پر 3 کرایہ داروں سمیت مالک مکان گرفتار

پنڈدادنخان: جلالپور شریف پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے کرایہ داری کا اندراج نہ کروانے پر 3 کرایہ داروں سمیت مالک مکان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے کرایہ داری کا اندراج نہ کروانے پر تین کرایہ داروں اور مالک مکان کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے کرایہ داری اور عارضی رہائش کا اندراج متعلقہ تھانے میں نہیں کروایا تھا جس پر قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس نے ملزمان کے خلاف ٹیمپریری ریزیڈنس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں کرایہ داری ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔



