جہلم میں ادویات کی قلت اور قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال دیا

جہلم: ضلع بھر میں ادویات کی قلت اور قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کو مشکلات میں ڈال کے رکھ دیا، کتے اور سانپ کے کاٹنے کی ویکسین کی قلت کے باعث بازاروں میں مہنگے داموں فروخت ہونے لگی۔
تفصیلات کے مطابق ہسپتالوں میں چیک اپ کرانے والے شہریوں کو جب ڈاکٹر نسخے میں جو ادوایا ت لکھ کر دیتے ہیں وہ مارکیٹ میں دستیاب ہی نہیں ہوتیں، اگر مل بھی جائیں تو مہنگے داموں ملتی ہیں اور کسی مستندکمپنی کی بجائے لوکل سطح پر اودیات تیار کرنے والی کمپنیوں کی ادویات ملتی ہیں۔
ضلع بھر میں کتے اور سانپ کاٹنے کی ویکسین صرف سرکاری ہسپتالوں میں پہلی دفعہ آنے والے مریضوں کو دی جاتی ہے اگر کسی شہری کو کتا کاٹ لے تو وہ سرکاری ہسپتال کا رخ کرتے ہیں جہاں پر مریض کو چیک اپ کے دشوار گزار مراحل سے گزارنے کے بعد ایک نجکشن لگایا جا تا ہے اور باقی کے انجکشن میڈیکل سٹورز سے خرید نے کا کہا جا تا ہے۔
جب شہری دوسری دفعہ کتے کاٹنے کا انجکشن لگوانے کیلئے مارکیٹ میں جا تا ہے تواس کو کتے کاٹنے کی ویکسین مہنگے داموں ملتی ہے ، اسی طرح اگر کسی کو سانپ کاٹ جائے تو اس کی ویکسین کا ملنا بہت مشکل ہوتا ہے اور مریض کو راولپنڈی جانے کا مشورہ دیا جا تا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس وقت متعدد ادویات مارکیٹ سے غائب ہوچکی ہیں،مارکیٹ میں ایزو مکس، سی اے سی و+، ایور میٹ، ایچ سی کیو، ریسوچن، فلیجل، نیگرام، ڈیپی ٹرون، ریوی ٹرول سمیت دیگر ادویات کی شدید قلت ہے یہ ادویات مارکیٹ میں نہیں مل رہیں۔
ذرائع کے مطابق نزلہ زکام، کھانسی، گلے کی خرابی، بخار، جسم درد اور پیٹ کی بیماریوں کیلئے استعمال ہونے والی ادویات کی قیمتوں میں اضافہ ہو اہے جبکہ متعد ایسی ادویات بھی ہیں جن کی قیمتوں میں35سے60فی فیصد کے قریب اضافہ کردیا گیا ہے، ان میں شوگر، بلڈ پریشر اور دل کے امراض کیلئے استعمال کی جانے والی ادویات شامل ہیں جن کی قیمتوں میں اضافہ ہو اہے۔



