جہلم میں ایل پی جی گیس مزید مہنگی، گھریلو سلنڈر کی قیمت 5 ہزار روپے تک جا پہنچی

جہلم: ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں ایل پی جی گیس کی ترسیل میں مبینہ تعطل کو جواز بنا کر جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے عام صارف شدید مشکلات کا شکار ہو گیا ہے۔

چند ہی دنوں میں گھریلو سلنڈر کی قیمت میں تقریباً 800 روپے جبکہ کمرشل سلنڈر کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ اس وقت گھریلو ایل پی جی سلنڈر 5000 روپے سے زائد جبکہ کمرشل سلنڈر 15500 روپے سے زائد میں فروخت ہو رہا ہے، جبکہ کھلی گیس بھی 500 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، اب ایل پی جی کی قیمتوں میں اچانک اضافے نے ان کی پریشانیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ گھریلو صارفین کے مطابق گیس کے متبادل کے طور پر استعمال ہونے والی ایل پی جی بھی اب ان کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے۔

دکانداروں کا مؤقف ہے کہ انہیں پلانٹس کی جانب سے مہنگی گیس فراہم کی جا رہی ہے جس کے باعث وہ قیمتیں بڑھانے پر مجبور ہیں، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال منافع خوری اور مصنوعی مہنگائی کا نتیجہ ہے۔

متاثرہ صارفین نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اور گراں فروشی میں ملوث دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button