جہلم میں شہدائے کربلا اور نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ کا چہلم عقیدت و احترام سے منایا گیا۔
نواسہ رسول حضرت امام حسینؑ اور اُن کے رفقا کے چہلم کے موقع پر جہلم میں شبیہ عَلم و ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے۔ عزاداروں کی نوحہ خوانی اور ماتم، جلوسوں کی گزر گاہوں پر پانی کی سبیلوں اور لنگر کا انتظام کیا گیا۔
شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر جہلم شہر میں مرکزی جلوس مشین محلہ سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا بیٹھک شیخ مراد بخش پر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس میں ذاکرین نے شہدا کربلا کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ضلع بھر میں چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں 5 مجالس اور 6 جلوس برآمد ہوئے، جن میں اےکیٹیگری کا ایک اور سی کیٹیگری کے 5 جلوس برآمد ہوئے۔ اسی طرح سی کیٹیگری کی 5 مجالس منعقد ہوئی۔
جلوس اور مجالس کی سکیورٹی پر 662 سے زائد پولیس افسران و اہلکاران کے علاوہ انتظامیہ مجالس و جلوس پر وولینٹئیرز نے بھی ڈیوٹی سر انجام دی۔ جلوس کے پرامن انعقاد کےلئے ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے جلوس کی نگرانی کی اور جلوس کے روٹ پر پیدل چل کر تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔
جلوس سے تمام روٹ کی مکمل صفائی کی گئی راستوں سے تمام رکاوٹیں دور کرکے عزاداروں کو سہولیات فراہم کی گئی ۔ جلوس کی لمحہ بہ لمحہ کوریج کیلئے ضلعی کنٹرول روم قائم کیا گیا تھا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم اور ڈی پی او جہلم نے کہا کہ چہلم شہدا کربلا کا پرامن انعقاد ہر صورت یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات کئے گئے تمام متعلقہ اداروں نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ۔ سکیورٹی فورسز نے اپنی ڈیوٹی انتہائی جاں فشانی سے ادا کی جس پر ہم تمام اداروں کے افسران و ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہیں جبکہ بین المسالک ہم آہنگی کے لیے ضلعی امن کمیٹی کا کردار بھی قابل ستائش ہے ۔
