دینہ: شہید کانسٹیبل محمد رشید کی بائیسویں برسی، پولیس افسران کی لحد پر حاضری، سلامی اور فاتحہ خوانی

دینہ: شہید کانسٹیبل محمد رشید کی بائیسویں برسی کے موقع پر جہلم پولیس کی جانب سے ان کی قبر پر حاضری، فاتحہ خوانی اور سلامی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر ایس ڈی پی او صدر سرکل، ایس ایچ او تھانہ دینہ اور دیگر پولیس افسران نے شہید کی لحد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ تقریب کے دوران پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی بھی پیش کی۔

پولیس حکام کے مطابق شہید کانسٹیبل محمد رشید علاقہ تھانہ سوہاوہ میں قتل کے مقدمے کے ملزم محمد ارشاد کی گرفتاری کے لیے کارروائی کے دوران پیش آنے والے پولیس مقابلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہدائے پولیس محکمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں، جنہوں نے اپنے خون سے ملک و ملت کے امن اور استحکام کی آبیاری کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں، جنہوں نے بہادری، جرات اور فرض شناسی کی لازوال داستانیں رقم کرتے ہوئے ہمیشہ کے لیے امر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

ڈی پی او جہلم نے کہا کہ شہدائے پولیس کی لازوال قربانیاں جہلم پولیس اور عوام پر قرض ہیں۔ انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے یہ ثابت کیا کہ ملک و قوم کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کے اہل خانہ جہلم پولیس کی ذمہ داری ہیں اور انہیں کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ شہداء محکمہ پولیس کا حصہ تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے، جبکہ ان کی قربانیوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button