پنڈدادنخان کے بہادر سپوت محمد اسحاق شہید کی نمازِ جنازہ ادا، پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

پنڈدادنخان کے بہادر سپوت سپاہی محمد اسحاق شہید کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی، جس میں اعلیٰ فوجی افسران، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے نواحی گاؤں چوران کے رہائشی پاک فوج کے جوان محمد اسحاق گزشتہ روز خیبر پختونخوا میں فتنہ خوارج کے خلاف مقابلے کے دوران جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ نمازِ جنازہ کے موقع پر پاک آرمی کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی جبکہ بریگیڈیئر ساجد (اسٹیشن ہیڈکوارٹر جہلم) نے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی جانب سے بھی شہید کی قبر پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات پنجاب پولیس اور ٹریفک پولیس نے سنبھالے جبکہ ایس ایچ او رانا محمد لطیف اور انسپکٹر خرم نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔
اس موقع پر بریگیڈیئر ساجد نے شہید کے والد نیامت خان کو قومی پرچم پیش کیا اور ان کے بیٹے کی عظیم قربانی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ شہید کے والد نے نعرۂ تکبیر بلند کرتے ہوئے "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
نمازِ جنازہ میں علاقے بھر سے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور وطن پر قربان ہونے والے بہادر سپوت کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔



