جہلم کی گنجان آبادیوں میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کا کاروبار جاری

جہلم شہر کی گنجان آبادیوں میں مبینہ طور پر سول ڈیفنس حکام کی عدم توجہی کے باعث سکیورٹی اور فائر سیفٹی آلات کے بغیر ایل پی جی ری فلنگ کی درجنوں دکانیں قائم ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
مکینوں کے مطابق ان دکانوں پر کمرشل اور گھریلو سلنڈروں میں ایل پی جی کی بھرائی کا عمل مبینہ طور پر بغیر مناسب حفاظتی انتظامات کے دن بھر جاری رہتا ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ گنجان آبادیوں میں ایل پی جی ری فلنگ کا یہ عمل نہ صرف دکانوں بلکہ اردگرد رہائش پذیر خاندانوں کے لیے بھی خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی وقت گیس لیکیج، آگ لگنے یا دیگر حادثے کی صورت میں جانی و مالی نقصان کا خدشہ موجود ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ ایل پی جی ری فلنگ کے مراکز میں فائر سیفٹی آلات، حفاظتی تدابیر اور قانونی تقاضوں کی پابندی کو یقینی بنانا ضروری ہے، بالخصوص گنجان رہائشی علاقوں میں اس معاملے کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شہر کی گنجان آبادیوں میں ایل پی جی ری فلنگ کی دکانوں کا معائنہ کرایا جائے، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر فائر و سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔



