پنڈ دادنخان: پولیس نے بزرگ شہری کو مبینہ طور پر اغوا کر کے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ پنڈ دادنخان اور ان کی ٹیم نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بزرگ شہری کو مبینہ طور پر اغواء کر کے تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں مطلوب تین ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے جبکہ مقدمے کی مزید تفتیش بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ بزرگ شہری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اغوا، تشدد سمیت سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلع جہلم میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی قانون شکن عنصر کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی۔
