فلاحی کمیٹی مجاہدہ آباد کے صدر چوہدری ظفر محمود انتقال کر گئے

جہلم: فلاحی کمیٹی مجاہدہ آباد کے صدر چوہدری ظفر محمود گزشتہ روز انتقال کر گئے۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ آبائی گاؤں کوٹھا گورسیاں میں ادا کی گئی جس میں سماجی تنظیموں کے نمائندگان، کمیٹی ممبران اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کی عوامی خدمات اور فلاحی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
چوہدری ظفر محمود دو دہائیوں سے زائد عرصے تک فلاحی کمیٹی مجاہدہ آباد سے وابستہ رہے اور اپنی زندگی کا بڑا حصہ دکھی انسانیت کی خدمت میں وقف کیا۔ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر سرگرم رہتے تھے اور فلاحی منصوبوں میں پیش پیش دکھائی دیتے تھے۔
نمازِ جنازہ کے بعد کمیٹی کے سرپرست چوہدری عبدالرشید اور دیگر ممبران نے ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مرحوم کے لیے دعا کی۔ ان کی رحلت کو کمیٹی اور علاقہ بھر کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے ختم و قل کی تقریب یکم مئی بروز جمعرات دن 11 بجے کوٹھا گورسیاں میں ادا کی جائے گی۔



