بلال اظہر کیانی کی وزیراعظم سے ملاقات، جہلم کے ترقیاتی منصوبے اور عوامی مسائل پر گفتگو


جہلم: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین قومی پارلیمانی ٹاسک فورس اور رکن قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل اور ضلع جہلم میں جاری ترقیاتی کاموں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے جہلم میں عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو بھی ہدایت دی کہ ضلع جہلم میں درپیش مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ عوام کو سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم کے تعاون کو سراہتے ہوئے ان کے عوام دوست اقدامات کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی مسائل کے حل کے لیے کام جاری رہے گا۔



