جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم سید محمد میثم عباس نے گزشتہ روز محکمہ لیبر کے دفتر سول لائنز کا اچانک دورہ کیا، جہاں عملے کی غیر حاضری اور صفائی کی ناقص صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ دفتر میں موجود گندگی، بے ترتیبی اور سرکاری ریکارڈ کے ناقص انتظام نے ضلعی سربراہ کو سخت اقدامات کی جانب مائل کر دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے جب دفتر کا معائنہ کیا تو اکثریت ملازمین اپنی ڈیوٹی سے غائب پائے گئے جبکہ دفتر میں نہ صرف صفائی کا فقدان تھا بلکہ سرکاری فائلوں اور ریکارڈ کو سنبھالنے کے لیے بھی کوئی مناسب بندوبست موجود نہیں تھا۔ دفتر کے مختلف حصوں میں کچرے اور گندگی کے ڈھیر دیکھ کر ڈی سی میثم عباس نے فوری طور پر تمام غیر حاضر عملے سے جواب طلب کر لیا۔
انہوں نے موقع پر ہی دفتر کا ریکارڈ چیک کیا اور ملازمین کا حاضری رجسٹر بھی ملاحظہ کیا۔ اس کے بعد ڈسٹرکٹ آفیسر لیبر اور دیگر متعلقہ عملے کو فوری طور پر اپنے دفتر طلب کیا اور ہدایت کی کہ فرائض میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ملازمین کو ماہانہ کروڑوں روپے تنخواہوں کی صورت میں فراہم کرتی ہے، ایسے میں یہ عمل انتہائی افسوسناک ہے کہ متعدد ملازمین اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برت رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو اہلکار کام نہیں کریں گے، انہیں گھر بھیج دیا جائے گا۔
