گورنمنٹ ہائی سکول بڑاگواہ میں یومِ تشکر کے موقع پر ریلی کا انعقاد

سوہاوہ: ضلع جہلم بھر کی طرح ڈومیلی کے نواحی علاقہ بڑاگواہ میں بھی یومِ تشکر ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر گورنمنٹ ہائی سکول بڑاگواہ میں ایک پُر جوش ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء، اساتذہ اور اہل علاقہ نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پاکستان کے جھنڈے اور قومی یکجہتی کے پیغامات پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ علاقہ "پاک فوج زندہ باد” اور "پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔ ریلی کے دوران پاک فوج کو آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور وطن سے محبت کا والہانہ اظہار کیا گیا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈماسٹر چوہدری سلطان پرویز نے کہا کہ پاکستانی فوج نے جس جرأت و بہادری سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے، وہ پوری قوم کے لیے فخر کا مقام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ اپنی فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان شاء اللہ وطن عزیز کی جانب اٹھنے والی ہر میلی نظر کا وہی انجام ہو گا جو تاریخ نے ہمیشہ دکھایا ہے۔

اس موقع پر دیگر اساتذہ کرام اور عمائدین علاقہ نے بھی اظہار خیال کیا اور شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعا کی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button