پڑی درویزہ تا ڈھوک جبہ تاریخی راستے کی چوڑائی 25 فٹ پر متفقہ فیصلہ

پڑی درویزہ/ سوہاوہ: پڑی درویزہ کے داخلی راستے کی چوڑائی کے حوالے سے مقامی معززین نے ایک تاریخی متفقہ فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے پڑی درویزہ میں داخل ہونے والا مرکزی راستہ جو ڈھوک جبہ سے آتا ہے، محکمہ مال کے ریکارڈ میں 27 اعشاریہ 5 فٹ چوڑا درج ہے۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں اطراف کی تعمیرات اور تجاوزات کے باعث اس کی چوڑائی کم ہوتی گئی۔
گزشتہ روز محکمہ مال تحصیل سوہاوہ کے اہلکاران ایک زرعی اراضی کی پیمائش کے سلسلے میں علاقے کا دورہ کر رہے تھے کہ مقامی معززین نے ان کی توجہ اس عوامی راستے کی طرف مبذول کرائی۔
محکمہ مال کے ریکارڈ کے مطابق اگرچہ اس راستے کی اصل چوڑائی 27 اعشاریہ 5 فٹ ہے، تاہم موجودہ صورتحال میں یہ 25 فٹ تک محدود ہو چکی ہے۔ اس موقع پر معززین علاقہ نے باہمی اتفاق سے فیصلہ کیا کہ آئندہ اس راستے کی چوڑائی 25 فٹ برقرار رکھی جائے گی اور اس پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا تاکہ مستقبل میں مزید تجاوزات نہ ہوں۔
اس فیصلے کو عملی شکل دینے کے لیے مقامی معززین نے راستے کے دونوں اطراف مختلف مقامات پر اینٹیں نصب کر کے نشاندہی کر دی ہے تاکہ حد بندی واضح ہو جائے اور کسی بھی شخص کو تجاوزات کی اجازت نہ ملے۔
اس اہم اقدام میں سماجی کارکن ملک محمد سلیم، ایڈووکیٹ خلیق انجم اعوان، ملک محمد شفیق، چوہدری اظہر محمود سمیت دیگر معززین نے بھرپور کردار ادا کیا۔ عوام نے بھی اس متفقہ فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف تاریخی راستہ محفوظ ہوگا بلکہ آئندہ نسلوں کے لیے سہولت بھی برقرار رہے گی۔



