جہلم: وفاقی وزیر مملکت برائے ریلوے بلال اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم کے ہمراہ شہر میں سٹریٹ لائٹس منصوبے کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر ایک پر وقار تقریب منعقد کی گئی جس میں سابق ایم پی اے چوہدری سعید اقبال بوکن، مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر چوہدری بوٹا جاوید، یونین کونسلوں کے نمائندگان، مسلم لیگی کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے جہلم کی ترقی کے لیے درکار فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت نگرانی کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر مملکت نے اعلان کیا کہ 160 سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا جا رہا ہے، جس سے شہر کے متعدد علاقوں میں روشنی کا نظام بہتر ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ الطاف پارک میں سیوریج نظام کی بہتری، سڑکوں کی مرمت، رورل ہیلتھ سنٹر اور ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال کی اپ گریڈیشن سمیت کئی منصوبے جاری ہیں جو جلد مکمل ہوں گے۔
بلال اظہر کیانی نے اس موقع پر یہ بھی بتایا کہ چار کنال رقبے پر ایک جدید فوڈ اسٹریٹ قائم کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے، جبکہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے سڑکوں کے کناروں پر ٹف ٹائلز لگانے کا عمل بھی جاری ہے۔
افتتاحی تقریب کے اختتام پر بلال اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم نے منصوبے کی تختی کی نقاب کشائی کر کے سٹریٹ لائٹس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایسے منصوبے دیگر علاقوں تک بھی وسعت دی جائے تاکہ جہلم شہر مزید ترقی کرے اور عوام کو سہولیات میسر آئیں۔
