جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے ایس ڈی پی او صدر سرکل آفس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری میں اہل علاقہ کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ کھلی کچہری میں لوگوں نے اپنے تمام مسائل بتائے جن پر ڈی پی او جہلم نے فوری کارروائی اور موقع پر ہی انکے حل کے احکامات جاری کیے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہترین بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اگر کسی بھی شخص کو مقامی پولیس کے رویہ یا تفتیش پر اعتراض ہو تو وہ براہ راست مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر فوری انصاف عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس خدمت مراکز کا قیام، پولیس تحفظ مراکز کا قیام، میثاق سنٹرز، مصالحتی کونسلز کا قیام اور تھانہ جات کی بطور سپیشل انیشیٹیو پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن شامل ہے جہاں پر 24/7 سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ آئی جی پنجاب اور آر پی او راولپنڈی ڈویژن کی ہدایت پر جہلم میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ کھلی کچہریوں کا مقصد تیز ترین انصاف شہریوں کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے، عوام الناس اپنے مسائل لیکر بلا جھجک کھلی کچہریوں میں پہنچیں جہاں انکے مسائل موقع پر حل کیے جائیں گے۔
