دینہ میں جعلی اور غیر ملکی نان کسٹم پیڈ سگریٹس برآمد، دکان سیل

دینہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے محکمہ ایکسائز کے ہمراہ جعلی اور غیر قانونی سگریٹس کے خلاف مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے مارے، جس کا مقصد غیر قانونی تجارت کی روک تھام اور عوامی صحت کا تحفظ یقینی بنانا تھا۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے انسپکٹر ایکسائز اینڈ نارکوٹکس اسد ہارون کے ہمراہ سبزی منڈی میں واقع ایک ٹک شاپ پر چھاپہ مارا، جہاں سے غیر ملکی نان کسٹم پیڈ (غیر ڈیوٹی شدہ) سگریٹس برآمد کیے گئے۔ اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ دکان کو سیل کر دیا گیا۔
کارروائی کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں دیگر دکانوں اور کھوکھوں کی بھی مربوط چیکنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 270 پیکٹس جعلی سگریٹس برآمد کر کے ضبط کر لیے گئے، جبکہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔
حکام کے مطابق برآمد شدہ سگریٹس کو ضابطہ کار کے مطابق مزید کارروائی کے لیے محکمہ ایکسائز کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ غیر قانونی کاروبار کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی اور عوامی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔



