پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم کی کارروائی، ممنوعہ گٹکا فروخت کرنے والا دوکاندار گرفتار، 953 ساشے برآمد

پنڈدادنخان: پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم کی جانب سے ممنوع گٹکا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ تازہ کارروائی کے دوران پنڈدادنخان اڈا کے قریب ایک پان شاپ پر چھاپہ مار کر بڑی مقدار میں گٹکا برآمد کر لیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق کارروائی کے دوران پان شاپ سے 953 ساشے ممنوع گٹکا برآمد کیا گیا، جسے فردِ مقبوضگی کے تحت پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
مزید کارروائی کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروا دیا گیا جبکہ پولیس نے محمد شفقت نامی شخص کو گٹکا فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ گٹکا کی خرید و فروخت صوبے بھر میں مکمل طور پر ممنوع ہے کیونکہ اس کا استعمال منہ، گلے اور دیگر خطرناک بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ ممنوع گٹکے کی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے افراد کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مضر صحت اور ممنوع اشیاء کی فروخت سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر فوری رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔



