گرین الیکٹرک بس کے روٹ میں تبدیلی سے دینہ اور منگلا کے شہری مشکلات کا شکار، ڈپٹی کمشنر سے پرانا روٹ بحال کرنے کا مطالبہ

دینہ/ جہلم: دینہ میں گرین الیکٹرک بس سروس کے روٹ میں تبدیلی کے باعث دینہ، منگلا اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ بس سروس کا سابقہ روٹ بحال کیا جائے اور اسے چھاؤنی چوک تک توسیع دی جائے تاکہ ہزاروں مسافروں کو براہِ راست سفری سہولت میسر آ سکے۔

رپورٹ کے مطابق دینہ کے شہری زین کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم کو دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ گرین میٹرو بس سروس کے روٹ میں تبدیلی سے ضلع جہلم کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ یہ مسئلہ صرف چند افراد تک محدود نہیں بلکہ روٹ پر سفر کرنے والے ہزاروں شہری اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق پہلے گرین الیکٹرک بس دینہ اے سی آفس کے قریب سے گزرتے ہوئے منگلا جاتی تھی، تاہم واپسی پر منگلا سے دینہ کی طرف آنے کے بجائے بس چھ اسٹاپ چھوڑ کر مین چوک دینہ سے سیدھی جہلم کی جانب روانہ ہو جاتی ہے۔ اس تبدیلی کے باعث دینہ شہر کے مختلف علاقوں، جن میں محلہ خلیل آباد، میاں کالونی، حبیب کالونی، قائداعظم ٹاؤن، رحمان آباد اور میانہ محلہ شامل ہیں، کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر دینہ آفس کے اطراف میں موجود متعدد دیہات کے رہائشی بس سروس کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں۔

درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ ان علاقوں کے شہریوں کو پہلے بس کے ذریعے آمدورفت کی سہولت حاصل تھی، لیکن روٹ تبدیل ہونے کے بعد انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بس کا سابقہ روٹ بحال کیا جائے تاکہ متاثرہ آبادیوں کو دوبارہ سفری سہولت میسر آ سکے۔

درخواست گزار نے ایک اور اہم مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ منگلا اور دینہ کی جانب سے آنے والے مسافروں کو فوجی فاؤنڈیشن ہسپتال کے قریب اتار دیا جاتا ہے جبکہ زیادہ تر شہریوں کے کام جہلم شہر، ریلوے اسٹیشن، لاری اڈہ، سول ہسپتال اور جہلم کینٹ کے علاقوں میں ہوتے ہیں۔ موجودہ روٹ کے باعث مسافروں کو ایک بس سے اتر کر دوسری بس کا انتظار کرنا پڑتا ہے، جس میں تقریباً 45 منٹ لگ جاتے ہیں۔

درخواست کے مطابق اگر بس کا روٹ بڑھا کر چھاؤنی چوک تک کر دیا جائے تو مسافروں کو ایک بس سے دوسری بس میں منتقل ہونے اور طویل انتظار کی زحمت سے بچایا جا سکتا ہے بلکہ دینہ اور منگلا سے آنے والے شہری براہِ راست اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔ اسی طرح واپسی پر بھی مسافروں کو دو بسوں کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

زین کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے اپیل کی ہے کہ گرین الیکٹرک بس کے موجودہ روٹ میں تقریباً 4 سے 5 کلومیٹر کا اضافہ کرکے اسے چھاؤنی چوک تک بڑھایا جائے اور دینہ کا سابقہ روٹ بھی بحال کیا جائے، تاکہ ہزاروں شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

شہریوں کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ حکام اس مسئلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے بس روٹ میں ضروری تبدیلیاں کریں تاکہ عوام کو بلا تعطل، آسان اور براہِ راست سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

↑
Exit mobile version