نبی کریم ﷺ کی ولادت کا دن پوری امت مسلمہ کے لیے حقیقی عید کا دن ہے، سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: معروف سیاسی و سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یومِ ولادت دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے حقیقی عید کا دن ہے، جبکہ آپ ﷺ کی تعلیمات قیامت تک پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ﷺ کو رحمتُ للعالمین بنا کر مبعوث فرمایا تاکہ جہالت میں ڈوبے قبائل ظلم و ستم اور گمراہی کا راستہ چھوڑ کر بھلائی کی جانب راغب ہوں اور بتوں کو معبود ماننے کے بجائے اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا اقرار کریں۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ سیرتِ طیبہ اور قرآنِ مجید کی تعلیمات بھٹکے ہوئے انسانوں کے لیے راہِ نجات ہیں۔ نبی کریم ﷺ کی بعثت سے قبل عرب معاشرہ جہالت اور ظلم کی تاریکیوں میں گھرا ہوا تھا اور بیٹیوں کو زندہ دفن کرنے جیسی سنگین رسومات موجود تھیں، مگر آپ ﷺ کی ولادت اور دعوتِ اسلام سے انسانیت کو ہدایت اور حق کی روشنی نصیب ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ دینِ اسلام کی تبلیغ کے دوران نبی کریم ﷺ نے بے پناہ مشکلات اور مصائب کا سامنا کیا، تاہم آپ ﷺ نے صبر و استقامت کی ایسی لازوال مثالیں قائم کیں کہ آپ ﷺ کے بدترین مخالفین بھی بعدازاں اسلام قبول کرکے آپ ﷺ کے دست و بازو بن گئے اور دین کی سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا و آخرت کی حقیقی کامیابی نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں ہے۔ ہمیں چاہیے کہ سیرتِ طیبہ کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور آپ ﷺ کی تعلیمات کے مطابق معاشرے میں محبت، امن، بھائی چارے اور انسانیت کی خدمت کو فروغ دیں۔



