پنڈدادنخان میں خودساختہ مہنگائی عروج پر، دکانداروں اور قصابوں کے من مانے نرخ، عوام مشکلات کا شکار

پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان میں خود ساختہ مہنگائی کا طوفان نہ تھم سکا، دکاندارپھل سبزیوں کے من مانے ریٹ دھڑلے سے وصول کررہے ہیں۔ قصاب بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے لگے۔ مٹن بیف چکن کے من مانے ریٹ وصول، ذمہ داران کی غفلت یا منتھلی کا جادو، جہلم کی پسماندہ تحصیل کےعوام مہنگائی کی چکی میں پسنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی پسماندہ تحصیل پنڈدادنخان کے عوام پہلے ہی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور اب انتظامیہ کی نااہلی کے باعث خود ساختہ مہنگائی کے ہاتھوں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ نشاندہی کے باوجود ذمہ داران ٹس سے مس نہیں ہو رہے، اور عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیسا جا رہا ہے۔

تحصیل پنڈدادنخان میں ریٹ لسٹ وقت پر جاری نہ ہونے کے باعث دکاندار دھڑلے سے من مانے نرخوں پر اشیا فروخت کر رہے ہیں۔ مختلف علاقوں، بشمول کھیوڑہ، جالپ اور تھل، میں ہر چیز کے الگ الگ ریٹ مقرر ہیں۔ قصاب بھی موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑا گوشت 1000 سے 1100 روپے فی کلو جبکہ مٹن اور چکن کے بھی من مانی قیمتوں پر فروخت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

سڑک کنارے ریڑھی بان نہ صرف ٹریفک کی روانی کو متاثر کر رہے ہیں بلکہ تجاوزات کا باعث بھی بن رہے ہیں، اور وہ بھی اپنی مرضی کے ریٹ پر اشیا فروخت کر رہے ہیں۔ تحصیل بھر میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں محض کاغذی کارروائی تک محدود ہیں، اور ذرائع کے مطابق یہ کمیٹیاں مبینہ طور پر منتھلیاں طے کرکے اپنی ذمہ داریوں سے غفلت برت رہی ہیں۔

عوامی اور سماجی حلقوں نے کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں اور عوام کو خودساختہ مہنگائی سے نجات دلائی جائے۔ ساتھ ہی غفلت برتنے والے عملے کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button