جہلم: سی ای او ایس ایل ایس کالج اینڈ گروپ اور برٹش کونسل کے سرٹیفائیڈ IELTS ٹرینر سرفراز ملک نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ برطانیہ کے شہر کیمبرج میں واقع علامہ محمد اقبالؒ کی تاریخی رہائش گاہ 17 پرتگال پلیس (17 Portugal Place) کو خرید کر محفوظ بنایا جائے اور اسے علامہ اقبالؒ کے نام سے منسوب میوزیم یا قومی یادگار کا درجہ دیا جائے۔
سرفراز ملک نے اپنے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران اس تاریخی رہائش گاہ کا دورہ کیا، جہاں شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ نے 1905ء سے 1906ء کے دوران قیام کیا تھا۔ اس عرصے میں علامہ اقبالؒ نے کیمبرج یونیورسٹی کے ٹرینٹی کالج میں تعلیم حاصل کی اور اپنی علمی و فکری زندگی کے اہم دور کا آغاز کیا۔
اس موقع پر سرفراز ملک نے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شخصیت اور ان کی علمی و ادبی خدمات برصغیر ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک عظیم سرمایہ ہیں۔ جس طرح سیالکوٹ میں علامہ اقبالؒ کی جائے پیدائش کو میوزیم کی صورت میں محفوظ کیا گیا ہے، اسی طرح کیمبرج میں ان کی تاریخی رہائش گاہ کو بھی خرید کر محفوظ بنایا جانا چاہیے، تاکہ آنے والی نسلیں اپنے قومی شاعر کی زندگی، تعلیم اور تاریخی وابستگیوں سے آگاہ ہو سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری اور افکار نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ ان کا پیغام خودی، خود اعتمادی، محنت، بلند حوصلے اور اپنی صلاحیتوں کو پہچاننے کا درس دیتا ہے۔ نوجوان نسل اگر اقبالؒ کے افکار کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائے تو کامیابی کی نئی منزلیں حاصل کر سکتی ہے۔
سرفراز ملک نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی ہائی کمیشن برطانیہ سے اپیل کی کہ 17 پرتگال پلیس کی تاریخی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس عمارت کو قومی ورثے کے طور پر محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس تاریخی مقام کو میوزیم یا قومی یادگار کی شکل دینا نہ صرف علامہ اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ ہوگا بلکہ بیرونِ ملک پاکستانی تاریخ، ادب اور ثقافت کو متعارف کرانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
