جہلم پولیس کا دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں میں نہانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن، دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 6 افراد گرفتار

جہلم: ضلع بھر میں دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور دیگر آبی گزرگاہوں میں نہانے پر عائد پابندی پر عملدرآمد کے لیے جہلم پولیس نے بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھا ہوا ہے۔ اس سلسلے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے چھ افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ضلع بھر میں دریاؤں، ندی نالوں، نہروں اور دیگر خطرناک آبی مقامات پر نہانے پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے تاکہ انسانی جانوں کو حادثات سے محفوظ بنایا جا سکے۔
اسی سلسلے میں تھانہ صدر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دریائے جہلم میں نہانے اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والے 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے خلاف تھانہ صدر میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان پولیس نے کہا کہ یہ اقدامات شہریوں، بالخصوص بچوں اور نوجوانوں کی قیمتی جانوں کے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں، کیونکہ گرمی کے موسم میں دریاؤں اور نہروں میں نہانے کے دوران پیش آنے والے حادثات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں میں نہانے سے روکیں اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نافذ کردہ دفعہ 144 پر مکمل عمل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور کسی بھی شخص کو انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے اور قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔



