پنجاب میں انسانی ترقی؛ جہلم دوسرے نمبر پر آ گیا، لاہور شہری سہولیات کے باوجود آٹھویں پوزیشن پر

جہلم میں انسانی ترقی کے حوالے سے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پنجاب میں انسانی ترقی کے فرق کو بے نقاب کرنے والی پنجاب اسٹریٹیجی ٹیم کی تازہ رینکنگ رپورٹ کے مطابق ضلع جہلم نے صوبے بھر میں انسانی ترقی کے اشاریوں میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی ہے، جو ضلع کی مجموعی سماجی و معاشی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔

رپورٹ کے مطابق راولپنڈی انسانی ترقی میں پہلے نمبر پر رہا جبکہ جہلم نے تعلیم، صحت اور فی کس آمدن کے بہتر اشاریوں کی بنیاد پر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کے بعد گجرات تیسرے اور چکوال چوتھے نمبر پر رہے۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور جدید شہری سہولیات کے باوجود انسانی ترقی میں آٹھویں نمبر پر رہا، جو صوبے میں ترقی کے غیر متوازن رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فیصل آباد پانچویں، سیالکوٹ چھٹے اور اٹک ساتویں نمبر پر رہے۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ خوشحال اضلاع اور پسماندہ علاقوں کے درمیان خلیج مزید گہری ہو چکی ہے۔ خاص طور پر جنوبی پنجاب کے اضلاع بدستور انسانی ترقی میں سب سے پیچھے ہیں۔ لودھراں، راجن پور اور مظفرگڑھ کو انتہائی کم انسانی ترقی والے اضلاع قرار دیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق تعلیم، صحت اور آمدن میں عدم توازن، اور مؤثر صوبائی پالیسیوں کی کمی اس صورتحال کی بڑی وجوہات ہیں۔ انسانی ترقی کی یہ رینکنگ صحت، تعلیم اور فی کس آمدن کے اشاریوں کی بنیاد پر مرتب کی گئی، جبکہ تینوں پیمانوں کے مجموعی اسکور سے اضلاع کی درجہ بندی طے کی گئی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ جہلم کی اس نمایاں کارکردگی کو برقرار رکھنے اور مزید بہتر بنانے کے لیے تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں میں تسلسل کے ساتھ سرمایہ کاری ناگزیر ہے، تاکہ ضلع مستقبل میں بھی انسانی ترقی کے حوالے سے صوبے میں مثالی مقام برقرار رکھ سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button