جہلم شہر میں ڈمپرز کی یلغار، شہری پریشان، حادثات کا خدشہ بڑھ گیا

جہلم شہر کی سڑکوں پر رات گئے سے علی الصبح تک بھاری ڈمپرز کی بھرمار معمول بن چکی ہے، جس کے باعث سڑکیں تباہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے جبکہ شہری شدید احتجاج کرتے ہوئے انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے مختلف علاقوں میں بڑی تعداد میں ڈمپرز کی آمد و رفت جاری ہے، جس کی وجہ سے نہ صرف سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہو رہی ہیں بلکہ ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے اور حادثات کے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیورز تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑیاں چلاتے ہیں، جس سے پیدل چلنے والوں، موٹر سائیکل اور سائیکل سواروں سمیت دیگر گاڑیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ رات کے اوقات میں ڈمپرز کے شور اور دھول مٹی نے شہریوں کا سکون بھی متاثر کر رکھا ہے۔
اہلِ علاقہ کے مطابق متعدد بار انتظامیہ کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، مگر تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ شہریوں کا دعویٰ ہے کہ بااثر ڈمپر مالکان نے رکاوٹیں ہٹا کر اپنی من مانی جاری رکھی ہوئی ہے۔
متاثرہ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے اندر بھاری گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی عائد کی جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ کسی بھی بڑے حادثے سے قبل اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جا سکے۔



