جہلم: ماڈل بازار کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ اور صفائی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، سنیہ صافی

جہلم: ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے کہا ہے کہ ماڈل بازار کی تعمیر میں اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ صفائی کے نظام میں کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی نے تحصیل روڈ جہلم کا دورہ کیا اور ماڈل بازار کی جاری ترقیاتی اسکیم کے تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے موقع پر موجود انجینئرز سے بریفنگ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں معیاری مٹیریل کا استعمال یقینی بنایا جائے اور بیوٹیفکیشن کے پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر معیاری کام ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس جدید ماڈل بازار کی تعمیر سے شہر کے حسن میں اضافہ ہوگا اور شہریوں کو بہتر خریداری ماحول میسر آئے گا۔

بعد ازاں انہوں نے جی ٹی روڈ جہلم کا دورہ کیا اور "ستھرا پنجاب” مہم کے تحت صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے کی حاضری اور مشینری کے استعمال کو چیک کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی نے افسران کو ہدایت کی کہ جی ٹی روڈ جیسے اہم راستے پر صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے اور کوڑا کرکٹ فوری طور پر اٹھایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "ستھرا پنجاب” مہم کی کامیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور ضلعی انتظامیہ اس حوالے سے مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button