سوہاوہ پولیس کی بروقت کارروائی، اغوا مقدمے میں مغویہ بحفاظت بازیاب

سوہاوہ پولیس نے اغوا کے مقدمے میں بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر لیا، جس کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل کر کے اسے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے تھانہ سوہاوہ میں درج اغوا کے مقدمے میں مغویہ کی تلاش جاری تھی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید تفتیشی طریقہ کار اور مسلسل کوششوں کے ذریعے مغویہ کی بازیابی کے لیے مؤثر کارروائی کی۔
پولیس نے خفیہ اطلاعات اور تکنیکی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیاب آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق بازیابی کے بعد مغویہ کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ جہلم پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے ہر وقت متحرک ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔



