پنڈدادنخان میں چوری اور اقدام قتل کے مقدمات میں ملوث دو خطرناک ملزمان گرفتار

پنڈدادنخان: تھانہ جلالپور شریف پولیس کی دو بڑی کارروائیاں، موٹر سائیکل چور اور اقدام قتل کے مقدمات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں تھانہ جلالپور شریف پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے موٹر سائیکل چوری اور اقدام قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث دو خطرناک ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ کارروائیوں کے دوران چوری شدہ موٹر سائیکلز، نقدی اور ناجائز اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ان کی ٹیم نے موٹر سائیکل چوری اور دیگر چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزم مسکین کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے دو چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور مال مسروقہ بیچ کر حاصل کی گئی رقم جو کہ بیس ہزار روپے ہے بھی برآمد کر لی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں اور اسے عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔

جلالپور شریف پولیس نے ایک اور کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب خطرناک ملزم محمد اکرام کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول بمعہ ایمونیشن بھی برآمد کیا ہے۔ ملزم کے خلاف اسلحہ ایکٹ اور اقدام قتل کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

Exit mobile version