نیشنل جاب پورٹل مسلسل خراب، امیدواران شدید مشکلات کا شکار

پڑی درویزہ/سوہاوہ: وفاقی اداروں میں بھرتیوں کے لیے استعمال ہونے والا نیشنل جاب پورٹل (NJP) گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل خراب ہونے کی وجہ سے امیدواران کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔
وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری حالیہ بھرتی اشتہار میں آن لائن درخواست جمع کروانے کی ہدایت دی گئی تھی، تاہم جب امیدوار پورٹل پر لاگ ان کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو سسٹم جواب دیتا ہے کہ "ایڈمنسٹریٹر سے رابطہ کریں”۔
حکام کی جانب سے دیے گئے رابطہ نمبر 051-9265062 پر جب امیدوار کال کرتے ہیں تو اکثر نمبر مصروف ملتا ہے، یا پھر بارہا گھنٹی بجنے کے باوجود کوئی جواب موصول نہیں ہوتا۔ اس غیر سنجیدہ رویے اور ناقص سہولیات کی بنا پر ملک بھر سے ہزاروں امیدواران درخواستیں جمع کروانے سے قاصر ہیں۔
متاثرہ امیدواران نے متعلقہ اداروں خصوصاً نیشنل جاب پورٹل انتظامیہ اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں، تکنیکی خرابی کو جلد از جلد دور کیا جائے اور فون کالز کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کے لیے ذمہ دار اہلکاروں کو پابند کیا جائے تاکہ امیدواروں کو بروقت رہنمائی فراہم کی جا سکے۔
مزید برآں امیدواران نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ جب تک پورٹل مکمل فعال نہیں ہوتا، ایف بی آر سمیت تمام وفاقی ادارے آن لائن درخواستوں کی آخری تاریخ میں توسیع کریں تاکہ کوئی بھی امیدوار اپنی درخواست جمع کروانے کے حق سے محروم نہ رہے۔



