جہلم: ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایات پر ضلع بھر میں پولیس کے خصوصی سرچ آپریشنز اور ناکہ بندیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کو فول پروف بنانا تھا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ضلع جہلم کے مختلف 16 مقامات پر سرچ آپریشن کیے گئے، جن کے دوران 412 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔ اس دوران شہریوں کی تصدیق پولیس ایپلی کیشن کے ذریعے کی گئی جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی کرکے سخت چیکنگ عمل میں لائی گئی۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو نے بتایا کہ ان سرچ آپریشنز کا مقصد مجرمانِ اشتہاری، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن افراد کی گرفتاری کو یقینی بنانا ہے۔ اسلحہ، منشیات کی برآمدگی اور شرپسندوں کو ان کے مذموم عزائم سے روکنے کے لیے پولیس پوری طرح متحرک ہے۔
