سوہاوہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے اقدام قتل کے مقدمے میں ملوث ملزم سہیل کو گرفتار کر لیا اور واردات میں استعمال ہونے والا 9 ایم ایم پسٹل معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سہیل مضروب علی حیدر کا قریبی دوست تھا جس نے فائرنگ کرکے علی حیدر کو زخمی کیا اور بعد ازاں واقعے کو غلط رنگ دیتے ہوئے الزام اپنے مخالفین پر عائد کر دیا۔
ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے واقعاتی شہادتوں اور شواہد کی روشنی میں اصل ملزم تک رسائی حاصل کی اور قلیل وقت میں ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔
