ریسکیو 1122 جہلم کی ماہ جون کی کارکردگی رپورٹ جاری، مجموعی طور پر 4769 افراد کو ریسکیو کیا

جہلم: ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 جہلم انجینئر فرحان مرزا نے کہا ہے کہ ریسکیو 1122 جہلم نے ماہ جون 2026ء کے دوران مجموعی طور پر 4,769 افراد کو بروقت امداد فراہم کرتے ہوئے محفوظ بنایا، جبکہ 1,595 مریضوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا کی زیر صدارت ریسکیو 1122 جہلم کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ ماہ کے دوران فراہم کی جانے والی ایمرجنسی سروسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ماہ جون کے دوران ریسکیو 1122 کی ہیلپ لائن 1122 پر مجموعی طور پر 7,608 کالز موصول ہوئیں، جن میں سے 3,168 ایمرجنسی کالز تھیں، جبکہ دیگر کالز معلومات اور غیر ایمرجنسی نوعیت کی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق جون 2026ء میں ضلع بھر میں 395 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں 477 افراد زخمی جبکہ 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ اسی عرصے کے دوران 2,161 میڈیکل ایمرجنسیز، 59 آتشزدگی کے واقعات، 39 کرائم ایمرجنسیز، 2 ڈوبنے کے واقعات اور 512 دیگر متفرق ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس فراہم کیا گیا۔
ریسکیو 1122 جہلم نے اپنی بہترین کارکردگی کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ماہ جون میں اوسط 7 اعشاریہ 6 منٹ کے رسپانس ٹائم کے ساتھ ایمرجنسی مقامات پر پہنچ کر شہریوں کو بروقت امداد فراہم کی۔
کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے ماہ جون میں ضلع بھر کی ہائی رائز عمارتوں کا فائر سیفٹی سروے کیا گیا، جبکہ مختلف مقامات پر فرضی مشقوں (Mock Drills) کا انعقاد بھی کیا گیا۔ اس کے علاوہ مختلف سرکاری و نجی اداروں، اسکولوں اور کالجوں میں فرسٹ ایڈ اور فائر سیفٹی کی تربیت فراہم کی گئی۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے یونین کونسل کی سطح پر کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی تشکیل کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ ریسکیو اسکاؤٹس کے لیے کمیونٹی ایکشن فار ڈیزاسٹر ریسپانس (CADRE) تربیتی کورسز کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مقامی رضاکاروں کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے۔
علاوہ ازیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت ماہ جون میں 153 مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے راولپنڈی، اسلام آباد اور سرگودھا کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر فرحان مرزا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ریسکیورز کی ماہ بھر کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیم ہر وقت کسی بھی ہنگامی صورتحال، قدرتی آفات اور حادثات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور شہریوں کو بروقت، مؤثر اور معیاری ایمرجنسی خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دے رہی ہے۔



