جہلم میں ہوٹلوں پر ناقص صفائی اور مضر صحت کھانوں کی فروخت جاری

جہلم شہر سمیت ضلع بھر کے مختلف ہوٹلوں میں ناقص صفائی اور مضر صحت کھانوں کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر اور گردونواح کے بیشتر ہوٹلوں میں صفائی ستھرائی کے انتہائی ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے ہیں، جہاں حفظانِ صحت کے اصولوں کو نظر انداز کرتے ہوئے غیر معیاری اور مضر صحت کھانے فروخت کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعدد ہوٹل مالکان معیار کو نظر انداز کر کے صرف منافع کمانے میں مصروف ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق ہوٹلوں میں کام کرنے والے کاریگروں اور ویٹرز کے ناخنوں میں میل، گندے کپڑے اور غیر صحت بخش ماحول واضح طور پر نظر آتا ہے، جو کہ کھانے کی تیاری کے عمل کو مزید خطرناک بنا دیتا ہے۔
شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے ہوٹلوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے اور حفظانِ صحت کے اصولوں (ایس او پیز) پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک فراہم کی جا سکے۔



