جہلم میں قصابوں کی من مانیاں عروج پر، سرکاری نرخ نامے نظر انداز، انتظامیہ خاموش

جہلم شہر اور گردونواح میں قصابوں نے سرکاری نرخوں کو پس پشت ڈال کر اپنی مرضی کے ریٹ نافذ کر رکھے ہیں جبکہ انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

قصاب گائے اور بچھڑے کا گوشت 800 روپے فی کلو اور بکرے کا گوشت 1600 روپے فی کلو کے سرکاری نرخ کے برعکس بالترتیب 1000 سے 1200 روپے اور 2000 سے 2200 روپے فی کلو میں فروخت کر رہے ہیں۔

علاوہ ازیں لاغر اور بیمار جانوروں کو ذبح کرنے اور گوشت میں پانی ملانے کی شکایات بھی عام ہوتی جا رہی ہیں۔ شہریوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری نرخ پر گوشت طلب کرنے پر قصاب بدتمیزی، گالی گلوچ اور جھگڑے پر اتر آتے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی ناکامی کے باعث قصابوں نے اپنی من مانی شروع کر رکھی ہے اور عوام کو لوٹنے کا بازار گرم کر دیا ہے۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بازاروں میں جا کر چیکنگ کا عمل یقینی بنائیں اور سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں تاکہ عوام کو سرکاری نرخوں پر اشیاء فراہم ہو سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button