پنڈدادنخان: جلالپور کینال میں پہلا افسوسناک حادثہ، 16 سالہ لڑکا نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق

پنڈدادنخان: جلالپور کینال میں 16 سالہ لڑکا نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہو گیا، لاش کو مقامی افراد نے نہر سے نکال لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کی جلالپور کینال میں آزمائشی بنیادوں پر پانی چھوڑے جانے کے بعد پہلا افسوسناک حادثہ پیش آ گیا، جہاں نہاتے ہوئے ایک 16 سالہ لڑکا ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت عبدالرحمن ولد جاوید اقبال کے نام سے ہوئی جو گورنمنٹ ہائی سکول جلالپور شریف کے پرنسپل (ہیڈ ماسٹر) جاوید اقبال کا بیٹا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق عبدالرحمن نہر میں نہا رہا تھا کہ اچانک گہرے پانی میں چلا گیا اور ڈوب گیا۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت لڑکے کو نہر سے باہر نکالا اور فوری طور پر طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔

ریسکیو 1122 نے ڈیڈ باڈی کو جلالپور شریف ہسپتال منتقل کر دیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق جلالپور کینال میں اس وقت تقریباً 4 ہزار کیوسک پانی چھوڑا گیا ہے، جس کے باعث مختلف مقامات پر پانی کی گہرائی تقریباً 11 سے 12 فٹ تک پہنچ چکی ہے، جس سے نہر میں نہانا انتہائی خطرناک قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جلالپور کینال سمیت دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کی جا چکی ہے، تاہم اس کے باوجود بعض افراد نہر میں نہانے سے باز نہیں آ رہے، جس کے باعث حادثات کا خدشہ برقرار ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button