جہلم: ضلع جہلم میں جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریاں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں جبکہ شہر بھر میں عاشقانِ رسول ﷺ کا جوش و جذبہ عروج پر پہنچ گیا ہے۔
اندرونِ شہر سڑکوں، بازاروں، گلیوں، چوک چوراہوں اور مختلف کاروباری مراکز کو سبز پرچموں، برقی قمقموں اور خوبصورت آرائشی سامان سے سجایا جا رہا ہے۔ مختلف مقامات پر درود و سلام اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کی صدائیں ماحول کو روح پرور بنا رہی ہیں۔
عاشقانِ رسول ﷺ اپنے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ سے والہانہ محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے گھروں، دکانوں اور کاروباری مراکز کو خوبصورتی سے سجا رہے ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر محافلِ میلاد اور نعتیہ پروگراموں کے انعقاد کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔
شہر کی فضا میں سبز پرچم لہرا رہے ہیں اور گلی گلی چراغاں کیا جا رہا ہے، جس سے جہلم شہر کے بازار اور گلیاں جشنِ میلاد کی خوشیوں میں جگمگا اٹھے ہیں۔
عاشقانِ رسول ﷺ کا کہنا ہے کہ جشنِ عید میلادالنبی ﷺ محض ایک تہوار نہیں بلکہ ایمان، محبت اور عقیدت کے اظہار کا دن ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرتِ طیبہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے اور ہمیں آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے معاشرے میں محبت، اخوت، امن اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔
