جہلم کے دکاندار سبزیوں کے من مرضی کے نرخ وصول کر نے لگے

جہلم شہر سمیت مضافاتی علاقوں کے دکاندار سبزیوں کے من مرضی کے نرخ وصول کر نے لگے، غریب آدمی کے لئے 2 وقت کی روٹی بچوں کو مہیا کرنی مشکل ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہر سمیت مضافاتی علاقوں کے دکانداروں نے سرکاری نرخ ناموں کو نظر انداز کر تے ہوئے سبزیوں ، پھلوں اور اشیاء ضروریہ کے من مرضی کے نرخ مقرر کرکے وصول کرنے شروع کررکھے ہیں ۔
جہلم شہر کی سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی و شہری تنظیموں کے عمائدین کا کہنا ہے کہ سبزی فروش ضلعی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ نرخ ناموں کو پس پشت ڈال کر اپنی مرضی کی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی ڈیل یا ڈھیل کیوجہ سے دکاندار سبزیاں من مرضی کے نرخوں پر فروخت کرکے صارفین کا استحصال کرنا شروع کررکھا ہے ۔ اگر کوئی صارف دکاندار کے ساتھ نرخوں پر بحث کرے تو دکاندار صارف کو سبزی اور اشیاء خوردونوش دینے سے صاف انکار کر دیتا ہے۔
تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر / چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی سے مطالبہ کیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہری سرکاری نرخ ناموں کے مطابق اشیاء خوردونوش سمیت سبزیاں وغیرہ خرید کا استعمال کر سکیں۔



