جہلم: گلزارِ مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ جرمنی کی جانب سے ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں قیدیوں کے لیے عیدالفطر کے موقع پر ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تقریباً 300 قیدیوں میں کپڑوں کے جوڑے بطور عیدی تقسیم کیے گئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن تھے جبکہ سپرنٹنڈنٹ جیل یاسر خان نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ٹرسٹ کے چیئرمین حاجی چوہدری ٹکا خان اور حسن بٹ نے قیدیوں میں عیدی کے طور پر کپڑے تقسیم کیے۔ تقریب میں معروف سماجی شخصیت حسن بٹ، ڈی او لٹریسی میمونہ انجم اور صحافی محمد راحیل خلیل نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ گلزارِ مدینہ ویلفیئر ٹرسٹ اس سے قبل بھی جیل میں متعدد فلاحی منصوبے مکمل کر چکا ہے جن میں واٹر پمپ کی تنصیب، 25 سیلنگ و ایگزاسٹ فین کی فراہمی، خواتین قیدیوں کے لیے علیحدہ ملاقات شیڈ کی تعمیر اور 25 بینچز کی تنصیب شامل ہے۔
ٹرسٹ کے نمائندگان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی قیدیوں کی فلاح و بہبود اور جیل مینوئل کے مطابق سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے تاکہ انسانیت کی خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے۔
تقریب کے شرکاء نے ٹرسٹ کی ان انسانی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات معاشرے میں ہمدردی اور بھائی چارے کو فروغ دیتے ہیں اور قیدیوں کو عید کی خوشیوں میں شریک ہونے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ٹرسٹ کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مخیر حضرات کا جیلوں میں فلاحی کاموں میں حصہ لینا ایک نیک عمل ہے جس سے قیدیوں کی اصلاح اور ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں مدد ملتی ہے۔
