جہلم شہر اور گردونواح میں نان بائیوں کی من مانی عروج پر پہنچ گئی، کم وزن روٹی اور نان مہنگے داموں فروخت ہونے لگے۔ گیس پریشر میں کمی کا بہانہ بنا کر تندور مالکان نے خودساختہ نرخ مقرر کر لیے ہیں، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق شہر اور مضافاتی علاقوں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم توجہی کے باعث نان بائیوں نے روٹی اور نان کے وزن کو کم کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نان 120 گرام اور روٹی 100 گرام کے مقررہ وزن پر فروخت نہیں ہو رہی، بلکہ تندور مالکان من مرضی کے وزن اور نرخوں پر اشیاء بیچ رہے ہیں۔
موسم مزید سرد ہوتے ہی گھریلو صارفین کو گیس کے کم پریشر کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے تندوروں پر روٹی اور نان کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نان بائیوں نے نہ صرف وزن کم کر دیا بلکہ قیمتیں بھی بڑھا دی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی خاموشی اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی غفلت کے باعث نان بائی کھلے عام لوٹ مار کر رہے ہیں۔ عوام نے حکامِ بالا سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں، نان اور روٹی کے مقررہ وزن اور قیمتوں کو یقینی بنائیں اور عوام کو اس استحصال سے بچائیں۔
