جہلم پولیس کی 2024 میں شاندار کارکردگی جاری کر دی گئی، 86 گینگ گرفتار کر کے 8 کروڑ 66 لاکھ 70ہزار 480روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں جہلم پولیس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع میں امن و امان کی بحالی اور جرائم کے خاتمے کے لیے نمایاں اقدامات کیے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ کی قیادت میں پولیس نے قتل، اغواء، ڈکیتی، رابری اور منشیات سمیت دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لانے میں کامیابی حاصل کی۔
جرائم کی ٹریسنگ اور ملزمان کی گرفتاری
جہلم پولیس نے قتل کے 51 مقدمات میں 151 ملزمان، اندھے قتل کے 12 مقدمات میں 28 ملزمان، ڈکیتی کے 10 مقدمات میں 24 ملزمان اور ڈکیتی کے 205 مقدمات میں 285 ملزمان کو گرفتار کیا۔ بچوں سے جنسی زیادتی کے 42 اور ریپ کے 37 مقدمات میں مجموعی طور پر 71 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گینگ ریپ کے 21 مقدمات میں 36 ملزمان کو گرفتار کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیے گئے۔
مال مسروقہ کی برآمدگی
پولیس نے 85 جرائم پیشہ گینگ کو ٹریس کرکے 245 ملزمان گرفتار کیے، جن سے 8 کروڑ 66 لاکھ 70 ہزار 480 روپے مالیت کا مسروقہ مال، 99 موٹر سائیکل، 5 رکشے، 3 کاریں، اور 1 ہائی ایس سمیت دیگر اشیاء برآمد کی گئیں۔
اشتہاری اور عدالتی مفروران کی گرفتاری
سال 2024 کے دوران 1445 اشتہاری مجرمان گرفتار کیے گئے، جن میں 105 کیٹگری-A اور 932 کیٹگری-B کے شامل تھے۔ علاوہ ازیں، 405 عدالتی مفروران اور انٹرپول کے ذریعے 3 بین الاقوامی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا۔
منشیات کے خلاف کارروائی
پولیس نے منشیات کے 577 مقدمات درج کرکے 606 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 540 کلوگرام چرس، 37 کلوگرام ہیروئن، 34 کلوگرام آئس، 52 کلوگرام افیون، اور 4407 بوتلیں شراب برآمد ہوئیں۔
غیر قانونی اسلحہ کے خلاف مہم
غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے 411 مقدمات میں 414 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ان سے 321 پستول، 16 کلاشنکوف، 98 گنز، اور 60 ریوالور برآمد ہوئے۔
پتنگ بازی پر قابو
پتنگ بازی کے 67 مقدمات میں 75 ملزمان کو گرفتار کرکے 18,618 پتنگیں اور 732 ڈوریں ضبط کی گئیں۔
عوامی خدمات اور محکمانہ اقدامات
جہلم پولیس نے خدمت مراکز کے ذریعے 114,065 شہریوں کو سہولیات فراہم کیں، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 58,493 چالان کرکے 3 کروڑ 58 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا۔ اچھی کارکردگی پر 788 پولیس افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹ دیے گئے اور 430 کو محکمانہ سزائیں دی گئیں۔
کھلی کچہریوں کے انعقاد
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے سال بھر میں 570 کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی 3814 شکایات کو فوری طور پر حل کیا گیا۔
جہلم پولیس کی 2024 کی کارکردگی امن و امان کی بحالی میں ایک اہم سنگ میل ہے، جو عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے پولیس کی انتھک محنت اور عزم کو ظاہر کرتی ہے۔
