دینہ میں ناقص آئل میں چکن بروسٹ اور چپس کی تیاری عروج پر

دینہ شہر اور گردونواح میں ناقص اور مضر صحت آئل میں چپس اور چکن بروسٹ تیار کرنے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ہے جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
شام ہوتے ہی دینہ کے مختلف علاقوں میں ناقص آئل میں چپس اور چکن بروسٹ تیار کیے جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ استعمال ہونے والے آئل سے شدید بدبو اٹھتی ہے جس کے باعث سڑک سے گزرنا بھی مشکل ہو جاتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق ناقص اور بار بار استعمال ہونے والے آئل میں تیار کردہ خوراک انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے اور اس کے استعمال سے کینسر، دل کے امراض اور دیگر بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ محکمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم کو اس صورتحال کا علم ہونے کے باوجود مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی جس سے عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص آئل میں خوراک تیار کرنے والے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کی صحت کو لاحق خطرات کا خاتمہ ہو سکے۔



