عیدالاضحیٰ پر صفائی کے مثالی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے، اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر

سوہاوہ میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے کی۔
اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران، صحافیوں اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی جبکہ عید آپریشن کے دوران صفائی کے انتظامات سے متعلق تفصیلی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران تحصیل منیجر شمائل نے عیدالاضحیٰ کے خصوصی صفائی آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آلائشوں کی بروقت تلفی کیلئے خصوصی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ فیلڈ میں مشینری اور عملے کی سو فیصد دستیابی یقینی بنائی جائے گی جبکہ مختلف علاقوں میں آلائشیں جمع کرنے اور ٹھکانے لگانے کیلئے خصوصی پوائنٹس بھی مقرر کیے جا رہے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ عید کے ایام میں صفائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آلائشوں کی فوری اور مؤثر تلفی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ تعفن اور وبائی امراض سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ہیلپ لائن اور تمام فیلڈ ٹیمیں چوبیس گھنٹے متحرک رہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے، صحافیوں اور مقامی عوام کے تعاون سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر بہترین صفائی انتظامات کو یقینی بنا کر شہریوں کو صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کریں گے۔



