3
جہلم: ضلعی انتظامیہ جہلم نے شہریوں کو ان کے قریبی علاقوں میں معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ایم سی ایچ سینٹر کالا گجراں کا دورہ کیا اور مرکز میں فراہم کی جانے والی ماں اور بچے کی صحت (MCH) سے متعلق خدمات، حفاظتی ٹیکوں (EPI) کے عمل اور دیگر بنیادی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے عملے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام بنیادی مراکز صحت میں ادویات کی مکمل دستیابی اور عملے کی حاضری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ قریبی مراکز میں سہولت کی فراہمی سے بڑے اسپتالوں پر بوجھ کم ہو اور عوام کو آسانی میسر آئے۔
ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام الناس کی فلاح و بہبود کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے ایم سی ایچ سینٹر کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ حفظان صحت کے اصولوں کو برقرار رکھا جائے اور عوام کے ساتھ بہترین رویہ اختیار کیا جائے۔
